نئی دہلی ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین سابق ٹسٹ بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے محسوس کیا ہیکہ نوجوان ابھرتے اوپنر مینک اگروال نے اپنے ہیرو ویریندر سہواگ کی طرح نڈر بیٹنگ کی ہے۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے اگروال نے اپنی پہلی ہی ٹسٹ سنچری کو ڈبل سنچری میں تبدیل کیا ہے لیکن یہ اس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے اپنے پہلے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر نصف سنچریاں اسکور کی تھی۔ لکشمن نے اگروال کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اگروال کی طرز رسائی ایسی ہی تھی جیسے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں کیونکہ اکثر دیکھا جاتا ہیکہ کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر مظاہرہ تو کرتے ہیں لیکن بین الاقوامی سطح پر پہنچنے پر ان کی طرزرسائی تبدیل ہوجاتی ہے۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی اگروال کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان بیٹسمین نے وکٹ پر اپنے قدموں کا بہترین استعمال کرنے کے علاوہ ریورس سوئپ اسٹوکس بھی کھیلے جو کہ اس کے ذہنی طور پر مضبوط ہونے کی ایک نشانی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگروال کے بہتر مظاہرہ کے پس پردہ ٹیم میں ان کے رول سے واقفیت ہے کیونکہ جب کھلاڑی اپنے رول کے متعلق پراعتماد ہوتا ہے تو اس کے مظاہرے خودبخود بہتر ہوجاتے ہیں۔