اگروال کی ڈبل سنچری ،ہندوستان نے502/7پراننگز ختم کردی

   

وشاکھاپٹنم ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے دوسرے ہی دن جنوبی افریقہ کے خلاف مقابلہ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے جیسا کہ اوپنر مینک اگروال کی ڈبل سنچری کی بدولت میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 502 رنز کے ساتھ ختم کرنے کا اعلان کرنے کے بعد دن کے اختتام تک مہمان ٹیم کو 39/3 تک محدود رکھا۔ اگروال جنہوں نے اپنی پہلی ٹسٹ سنچری کو شاندار طریقہ سے ڈبل سنچری میں تبدیل کیا جس کے بعد ہندوستانی اسپنرس کی جوڑی روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ نے بالترتیب 9 رنز کے عوض دو اور 21 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو پریشان کن صورتحال میں لاکھڑا کیا ہے۔ دونوں ہی اسپنرس نے فی کس 8 اوورس کی بولنگ کی جبکہ ایشانت شرما اور محمد سمیع نے نئی گیند سے صرف دو دو اوورس ہی ڈالے۔ محمد سمیع نے دونوں ہی اوورس میڈان کئے۔ جنوبی افریقہ کیلئے آوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں ایڈن مارک رام شامل ہیں جنہوں نے گذشتہ ہفتہ ٹور مقابلہ میں سنچری بنائی تھی تاہم وہ 21 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے پانچ رنز بنانے کے بعد اشون کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ دن کے اختتام پر ڈین ایلگر 63 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز اسکور کرلئے ہیں جبکہ باووما نے 2 رنز بنالئے ہیں۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنے کل کے اسکور 202/0 سے آج آگے کھیلنا شروع کیا۔ کل کے ناٹ آوٹ بیٹسمین روہت شرما جنہوں نے گذشتہ روز ہی 115 رنز مکمل کرلئے تھے انہوں نے آوٹ ہونے سے قبل 176 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پہلی وکٹ کیلئے اگروال کے ساتھ ریکارڈ 317 رنز بنائے۔ اگروال نے چائے کے وقفہ سے قبل ہی 371 گیندوں میں 23 چوکوں اور دو چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 215 رنز بنائے۔ میڈل آرڈر میں چیٹیشور پجارا 17 گیندوں میں 6 رنز، کپتان ویراٹ کوہلی 40 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 20 رنز اور اجنکیا راہنے 43 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے جس کے بعد لوور آرڈر میں ہنوماوہاری 24 گیندوں میں 10رنز اور وردیھیمان ساہا نے 16 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ اس ٹسٹ مقابلہ سے قبل جہاں ہندوستان کو اوپنرس کے مسائل درپیش تھے اور میڈل آرڈر کافی شاندار مظاہرہ کررہا تھا لیکن اس مقابلہ میں جہاں اوپنرس نے ٹیم کو بہترین شروعات فراہم کی وہیں کپتان سمیت ٹسٹ کے ماہر بیٹسمینوں نے بہتر مظاہرہ نہیں کیا۔ جنوبی افریقہ کیلئے کیشومہاراج کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 55 اوورس کی بولنگ کرتے ہوئے 189 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہندوستان کے دورہ کے آغاز سے قبل جس فاسٹ بولر کو اہم خبروں میں جگہ ملی تھی وہ ربادا تھے تاہم وہ 24 اوورس کی بولنگ کرنے کے باوجود وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے جنہیں ہندوستانی بیٹسمینوں نے محتاط طریقہ سے کھیلا۔ ربادا نے 24 اوورس میں 66 رنز دیئے جبکہ فاسٹ بولر ورنان فیلینڈر نے 22 اوورس میں 68 رنز کے عوض ایک وکٹ لئے۔