ممبئی ۔ 17 ڈسمبر (ایجنسیز) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک سرکاری تقریب کے دوران مسلم خاتون کے چہرے سے زبردستی نقاب (حجاب) ہٹانے کی کوشش کے واقعہ نے ملک بھر میں شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے۔ بالی ووڈ کی اداکارہ اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار راکھی ساونت نے بھی اس معاملے میں کھل کر نتیش کمار پر تنقید کی ہے اور ان سے فوری معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ راکھی ساونت نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں اس عمل کو نہایت توہین آمیز قرار دیا۔راکھی ساونت نے کہا کہ اسلام میں عورت کے لیے حجاب ایک مذہبی فریضہ ہے اور کسی خاتون کا حجاب کھینچنا اس کی عزت اور عقیدے پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایاکہ اگر کوئی آپ کی دھوتی کھینچ لے تو کیا آپ کو یہ منظور ہوگا؟ پھر ایک مسلمان خاتون کے ساتھ ایسا سلوک کیسے جائز ہو سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عہدہ یا طاقت کسی کو یہ حق نہیں دیتا کہ وہ کسی خاتون کے مذہبی لباس کی بے حرمتی کرے۔ سوشل میڈیا پر راکھی ساونت کے اس مؤقف کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔ کئی صارفین نے انہیں جرات مند قرار دیا جبکہ بعض نے کہا کہ اختلافات کے باوجود راکھی ساونت صحیح بات کہنے سے نہیں گھبراتیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران نتیش کمار نے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کو اعزاز دیتے ہوئے اچانک خاتون کا حجاب نیچے کر دیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اس واقعہ کو عالمی سطح پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔
