لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی جو جمعہ کو پریاگ راج ضلع کے گنگاپر پھاپھا مؤ کے ایک گاؤں میں ایک دلت خاندان کے چار افراد کے قتل پر غم کا اظہار کرنے یہاں پہنچی تھیں، انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں دلتوں پر مظالم ہو رہے ہیں، تو یوم دستور منانے کا کیا جواز ہے؟ ۔ متاثرہ خاندان سے ملاقات کرنے اور ان کا درد بانٹنے کے بعد پرینکا نے کہا، “پہلے اس خاندان پر 2019، پھر 2020 اور ستمبر 2021 میں مار پیٹ کی گئی اور اب ان کا قتل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا، “جب 2019 میں دبنگوں نے اس دلت خاندان پر حملہ کیا تھا، تو پولس نے پہلے کارروائی کیوں نہیں کی اور انہیں تحفظ کیوں نہیں دیا۔ میں ریاست میں جہاں بھی جا رہی ہوں دیکھ رہی ہوں کہ دلتوں کو انصاف نہیں مل رہا ہے۔ دلتوں، کسانوں، خواتین کے لیے کوئی انصاف نہیں ہے۔ انصاف صرف ان لوگوں کے لیے ہے جن کے پاس طاقت ہے اور جو بڑے صنعت کار ہیں۔