اگر راہول کہیں تو وارناسی سے خوشی سے مقابلہ کرونگی ‘ پرینکا گاندھی

,

   

کال پیٹا ( ویاناڈ ) 21 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ان قیاس آرائیوں کے دوران کہ وہ وارناسی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مقابلہ کرسکتی ہیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج کہا کہ اگر پارٹی صدر راہول گاندھی ایسا کہیں تو وہ خوشی سے مقابلہ کرینگی ۔ پرینکا گاندھی نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو جلدہی پتہ چل جائیگا ۔ اگر میرے کانگریس صدر نے مجھے مقابلہ کیلئے کہا تو میں خوشی سے مقابلہ کرونگی ۔ ان سے میڈیا نے سوال کیا تھا کہ آیا وہ وارناسی سے مقابلہ کرینگی جہاں سے نریندر مودی دوبارہ مقابلہ کر رہے ہیں۔ گذشتہ مہینے پرینکا گاندھی نے ہی اس تعلق سے قیاس آرائیوں کو ہوا دی تھی جب انہوں نے کہا تھا کہ وہ وارناسی میں مودی سے مقابلہ کرنے کے خلاف نہیں ہیں۔ ان سے جب کہا گیا تھا کہ کیا وہ یو پی میں اپنی والدہ کے حلقے رائے بریلی سے مقابلہ کرنے والی ہیں تو انہوں نے کہا تھا کہ کیا انہیں وارناسی سے مقابلہ نہیں کرنا چاہئے ؟ ۔ قبل ازیں کانگریس لیڈر نے مزید کہا تھا کہ وہ انتخابات میں مقابلہ کرنے تیار ہیں اگر ان کی پارٹی ایسا چاہے ۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کے دوران پرینکا گاندھی نے بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر اوما بھارتی کے اس بیان کو مسترد کردیا کہ ملک پرینکا گاندھی کو ایک چور کی اہلیہ کی نظر سے دیکھے گا ۔ پرینکا نے کہا کہ ان کی دادی ‘ دادا ‘ والد ‘ ماں سے ہر ایک کے بار ے میں ان قائدین نے کچھ نہ کچھ کہا ہے ۔ وہ ایسی باتیں کہتے رہیں گے ۔ لیکن وہ اپنا کام کرتی رہیں گی ۔ پرینکا گاندھی کانگریس کی جنرل سکریٹری بنائی گئی ہیں اور انہیں مشرقی اترپردیش کا انچارچ بنایا گیا ہے ۔ وہ دو دن سے کیرالا میں تھیں۔