این سی بی آفیسر کے پہلے سسر کا بیان، سمیر کی اہلیہ نے ادھو ٹھاکرے کو خط لکھا
ممبئی:نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کا ماضی ان کے لئے مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ کئی طرح کے الزامات کے بیچ اب ان کی پہلی بیوی ڈاکٹر شبانہ قریشی کے والد ڈاکٹر زاہد قریشی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ محبت کی شادی نہیںبلکہ ارینجڈ میرج تھی اور شادی سے پہلے دونوں خاندان ایک دوسرے کو جانتے تھے اور یہ بھی جانتے تھے کہ وہ مسلمان ہیں، ان کا پورا خاندان مسلمان تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان کے پاس مسلمان بن کر ہی آئے تھے۔زاہد قریشی نے بتایا کہ اس وقت سمیر وانکھیڈے یو پی ایس سی کی تیاری کر رہے تھے اور نماز کے لئے مسجد جاتے تھے۔ قریشی نے کہا کہ بیٹی کی طلاق ہونے کے بعد وہ اس غم کو پی چکے تھے لیکن جب یہ معاملہ خبروں میں آیا تو انہیں بولنا پڑ رہا ہے۔شبانہ کے والد نے کہا کہ وانکھیڈے شادی سے پہلے کے سرٹیفیکیٹ دکھا رہے ہیں لیکن شادی کے بعد کے سرٹیفیکیٹ نہیں دکھا رہے۔ انہیں ہمیشہ سے پتہ تھا کہ ان کے سمدھی کا نام داؤد ہے۔ اس دوران سمیر کی موجودہ شریک حیات کرانتی ریڈکر نے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کو خط لکھ کر جاریہ معاملہ میں ان سے مداخلت اور مدد چاہی ہے۔ مراٹھی اداکارہ کرانتی نے ادھو ٹھاکرے کو لکھا کہ میں بچپن سے شیوسینا کو مراٹھی لوگوں کے انصاف اور حقوق کیلئے لڑتے دیکھ کر بڑی ہوئی ہوں۔ مجھے سیاست کی سمجھ نہیں ہے اور میں سمجھنا بھی نہیں چاہتی لیکن شیوسینا کی حکمرانی میں عورت کی عزت سے کھیلا جارہا ہے۔مجھے امید ہے آپ انصاف کریں گے۔ یہی آپ سے میری التجا ہے۔