اگر سڑکیں اچھی نہیں تو ٹول ٹیکس کی وصولی کیوں؟:رکن اسمبلی اسلم شیخ

   

ممبئی: شہر و مضافات سمیت ریاست مہاراشٹرا میں سڑکوں کی خستہ حالی کا معاملہ آج ریاستی اسمبلی میں گونجا، ممبئی شہر کے سابق نگراں وزیر و رکن اسمبلی اسلم شیخ نے ودھان بھون میں شہر و مضافات سمیت ریاست بھر کی خستہ حال سڑکوں کا معاملہ اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت شہریوں سے ٹول وصول کر رہی ہے تو راستے بھی اعلیٰ درجے کے ہونا چاہئے۔ اسلم شیخ نے ایوان کو بتایا کہ آج مہاراشٹر میں 95 فیصد راستوں کی حالت انتہائی خستہ اور خطرناک ہے جس کے سبب آئے دن سڑک حادثے رونما ہو رہے ہیں ہزاروں افراد نے اب تک اپنی جانیں گنوا دی ہیں مگر اب تک اس مسئلے کو حل نہیں کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جب تک راستے اچّھے درجے کے نہیں بن جاتے تب تک ٹول کی وصولی کو بند کیا جائے ۔ اُنہوں نے ایوان کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ رفتار کی حد پر عمل نہ کرنے اور غیر ذمہ داری سے گاڑی چلانے والوں کا بریتھ اینالائزر ٹیسٹ کروانا صحیح فیصلہ ہے مگر ٹریفک قوانین پر عمل کرنے والے و محتاط رہ کر گاڑی چلانے والے شہریوں کا بھی بریتھ اینالائزر ٹیسٹ کروایا جانا مناسب نہیں ہے کیونکہ حکومت کے اس فیصلے سے قوانین کی پاسداری کرنے والے شہریوں کو بہت زیادہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔