بی جے پی شاہین باغ پر گندی سیاست کر رہی ہے: اروند کجریوال
نئی دہلی۔ 4 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی الیکشن میں جیت حاصل کرنے کے لئے پارٹیوں کے مابین بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ اپنی انتخابی تشہیر میں کی جانے والی تقریروں میں بی جے پی نے جہاں شاہین باغ احتجاج کو مرکزی موضوع بنا لیا ہے تو وہیں عام آدمی پارٹی نے بھی شاہین باغ احتجاج پر میڈیا کے ذریعہ پوچھے جانے والے سوالوں پر ایک اہم بیان دیا عام آدمی پارٹی سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے این ڈی ٹی وی کے ساتھ خاص بات چیت میں شاہین باغ پر پوچھے گئے ایک سوال پر کہا کہ امت شاہ جیسے مضبوط آدمی کیا راستہ نہیں کھلوا سکتے؟ دراصل، وہ کھلوانا نہیں چاہتے ہیں کیونکہ اس سے ان کا فائدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے پاس اختیار ہوتا تو میں دو گھنٹے میں شاہین باغ کا راستہ کھلوا دیتا۔ کجریوال نے آگے کہا کہ بی جے پی پورا الیکشن شاہین باغ پر لڑنا چاہتی ہے، الیکشن کے بعد یہ معاملہ ختم ہو جائے گا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون وانتظام کی ذمہ داری میرے پاس نہیں ہے میں راستہ نہیں کھلوا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف بیٹھے ہیں۔ وہاں جا کر میں کیا کروں گا۔ یہ مرکزی حکومت کا معاملہ ہے۔ وہاں پر تین بار فائرنگ ہو چکی ہے۔ ایک الیکشن جیتنے کے لئے انہوں نے ملک کے دارالحکومت کے قانون وانتظام کو داؤ پر لگا دیا۔ بی جے پی شاہین باغ پر گندی سیاست کر رہی ہے۔ ہمارے پاس پولیس ہوتی تو ہم سڑک کھلوا دیتے۔بتا دیں کہ شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون (CAA)، قومی شہریت رجسٹر (NRC)، قومی آبادی رجسٹر (NPR) کے خلاف گزشتہ 55 دنوں سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ اس مظاہرے کی وجہ سے دہلی سے نوئیڈا جانے والا راستہ جام ہے، حالانکہ مظاہرین ایمبولینس اور اسکولی بسوں کو اس راستہ سے گزرنے دے رہے ہیں۔
