نئی دہلی: سابق ہندوستانی اور چنئی سوپرکنگز (سی ایس کے) کے کپتان ایم ایس دھونی نے کہا ہے کہ اگر وہ وکٹ کیپنگ نہ کریں تو خود کو میدان میں بے کار محسوس کریں گے، کیونکہ وہ وکٹوں کے پیچھے رہ کرکھیل کو بہترین انداز میں پڑھ سکتے ہیں۔ 43 سالہ دھونی اب بھی چنئی کے لیے وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں، کیونکہ فرنچائز نے ان پر زبردست اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ دھونی آئی پی ایل کے آغاز سے ہی چنئی کے ساتھ منسلک رہے ہیں، سوائے ان دو سیزنزکے جب ٹیم پر پابندی لگائی گئی تھی، اور انہوں نے ٹیم کو پانچ خطابات اور دس فائنلز تک پہنچایا۔ اگر میں وکٹ کیپنگ نہ کروں تو مجھے لگتا ہے کہ میں میدان میں بے کار ہوں، کیونکہ میں اسی دوران کھیل کو بہترین طریقے سے سمجھ سکتا ہوں۔ یہ ایک چیلنج ہے، اور یہی اسے دلچسپ بناتا ہے۔ پچھلے کچھ سالوں سے، شاید 2 یا 5 سال، میری فرنچائزکا رویہ یہی ہے کہ جب تک میں کھیلنا چاہوں، وہ مجھے کھیلنے دیں گے۔ چاہے میں کرسی پر بیٹھا بھی رہوں، وہ کہیں گے، فکر نہ کرو، تم کھیلتے رہو۔ میں کرکٹ سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں، اس لیے ایک سال کے حساب سے آگے بڑھ رہا ہوں، دھونی نے اسٹار اسپورٹس کی جانب سے ایک (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو میں کہا۔ دھونی نے گزشتہ سیزن میں سی ایس کے کی کپتانی چھوڑ دی تھی اور رتوراج گائکواڑ کو قیادت سونپی ۔ آئی پی ایل 2025 سیزن میں، سی ایس کے نے اپنے پہلے میچ میں چپوک میں ممبئی انڈینزکے خلاف ایک آسان فتح حاصل کی۔ اگرچہ وہ اب ٹیم کے کپتان نہیں ہیں، دھونی کو اب بھی گائکواڑ کی رہنمائی کرتے اور فیلڈ کی سجاوٹ کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔ ممبئی کے خلاف میچ کے بعد دھونی نے گائکواڑ کی قیادت کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوان کھلاڑی زیادہ تر فیصلے خود کرتا ہے۔ پچھلے سال آئی پی ایل کے بعد، میں نے تقریباً فوراً ہی اسے بتایا تھا، 90 امکانات ہے کہ تم اگلے سیزن میں کپتان بنو گے، اس لیے ذہنی طور پر تیار ہو جاؤ۔ ٹورنمنٹ کے آغاز سے پہلے بھی میں نے اسے کہا اگر میں تمہیں کوئی مشورہ دوں، تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ تمہیں لازمی اس پر عمل کرنا ہے۔