ممبئی 25 فروری (یو این آئی) بالی ووڈ میں ڈینی کو ایک ایسے ملٹی اداکار کے طور پر جانا جاتا ہے جنہوں نے ہیرو، ویلن اور کریکٹر ایکٹرکے کردار ادا کرکے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا ہے ۔ 25 فروری 1948 کو پیدا ہوئے ڈینی بچپن میں فوج میں کام کرنا چاہتے تھے ۔ ڈینی ڈینزونگپا کا تعلق سکم ریاست سے ہے ۔ ڈینی صر ف ایک اداکار ہی نہیں بلکہ ایک گلوکار اور ہدایت کار بھی ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ کی تقریباً 190 ہندی فلموں میں کام کیا اس کے علاوہ نیپالی، تمل، بنگالی اور تلگو فلموں میں بھی ڈینی اپنی اداکاری کے جلوے دکھا چکے ہیں۔ اپنے زمانے کی مشہور فلم شعلے کے لئے گبر سنگھ کا رول پہلے ڈینی کو آفر کیا گیا تھا، لیکن ڈینی فیروزخان کی فلم دھرماتما کی شوٹنگ میں مصروف تھے ۔ان کی مشہور فلموں میں کالی چرن، لو اسٹوری، ضرورت، گھاتک، عبداللہ اور چاندی سونا کے نام قابل ذکر ہیں۔