نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور کیرالہ کی لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) حکومت کی تعریف کرکے سرخیوں میں آنے والے ترواننت پورم سے کانگریس کے لوک سبھا رکن ششی تھرور نے اب یہ کہہ کر سب کو حیران کردیا ہے کہ پارٹی کے لیے وہ دستیاب ہیں لیکن اگر ان کی خدمات کی ضرورت نہیں ہے تو ان کے پاس ‘متبادل’ ہیں۔کانگریس کے سینئر لیڈر نے یہ بیان ملیالم زبان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دیا ہے ۔ اس بیان کے بعد ان کے کانگریس چھوڑنے کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں، حالانکہ انہوں نے اس کی تردید کی ہے ۔مسٹر تھرور نے حال ہی میں مسٹر مودی کے دورہ امریکہ کے ساتھ ساتھ کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین کی قیادت میں ایل ڈی ایف حکومت کے کام کی تعریف کی تھی، جس سے سیاسی حلقوں میں ان کے کانگریس چھوڑنے کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔ تاہم، ان تبصروں کے درمیان تھرور نے کانگریس چھوڑنے کی افواہوں کی تردید کی۔