بات چیت کے ایجنڈہ میں اقل ترین امدادی قیمت برقرار رکھنے پر زور دیا جائے
2000 سال پہلے میرے پسندیدہ سادھو شاعر نے جو بات کہی تھی وہ آج کے حالات پر صادق آتی ہے : پی چدمبرم
نئی دہلی : سینئر کانگریس قائد پی چدمبرم نے مرکزی حکومت کو انتباہ دیا ہے کہ وہ کسانوں کی بد دعا نہ لے۔ کسانوں نے یہ محسوس کرلیا ہے کہ مرکزی حکومت اُنھیں دھوکہ دے رہی ہے اور اگر اُنھوں نے اپنے ہاتھ اُٹھالئے تو پورا ملک فاقہ زدہ ہوجائے گا۔ یاد رہے کہ حکومت آج کسانوں سے بات چیت کررہی ہے۔ ملک کے سابق وزیر مالیات پی چدمبرم نے آج ایک ٹوئٹ کیا اور اُس میں اپنے پسندیدہ سادھو شاعر تیرو ولور کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت کے تین متنازعہ قوانین کے بارے میں سادھو شاعر کا نظریہ پیش کیا جس نے اس وقت سارے ملک میں احتجاج کی وجہ سے ہنگامہ برپا کیا ہوا ہے۔ چدمبرم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ آج میں اپنے پسندیدہ سادھو شاعر تیرو ولور کی اُس بات کو دہرانا چاہتا ہوں جو اُنھوں نے 2000 سال قبل ہی کہہ دی تھی۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ اگر کسانوں نے اپنے ہاتھ اُٹھالئے (کاشتکاری کرنا چھوڑی دی) تو یاد رکھئے کرۂ ارض پر کوئی بھی زندہ نہیں بچ پائے گا۔ چدمبرم نے کہاکہ سادھو شاعر کے یہ الفاظ آج کے پس منظر میں کتنے صحیح معلوم ہوتے ہیں۔ آج موجودہ حکومت ہی نہیں بلکہ دنیا کی کوئی بھی حکومت کسانوں کے قہر کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ کسانوں کا یہ ماننا ہے کہ مرکز کی بی جے پی حکومت اُنھیں (کسانوں) دھوکہ دے رہی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ ہفتہ کے روز پی چدمبرم نے کہا تھا کہ مرکزی حکومت کو متنازعہ زرعی قوانین کی منسوخی کو مؤخر کرتے ہوئے اگر کوئی بھی نیا قانون لانے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس میں کسان برادری کی ضروریات اور خواہشات کو ملحوظ رکھا جائے۔ دریں اثناء حکومت کے نمائندوں اور کسان قائدین کے درمیان بات چیت کا آغاز ہوا ہے جو بات چیت کا ساتواں مرحلہ ہے جس میں دو اہم نکات اب بھی ایجنڈہ کا حصہ ہیں۔ جن میں تینوں متنازعہ زرعی قوانین کی منسوخی اور اقل ترین امدادی قیمت (MSP) کو قانونی حیثیت دیا جانا شامل ہے۔ کسانوں نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ 26 جنوری تک اگر اُن کے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو یوم جمہوریہ کو ٹریکٹر ریالی کا انعقاد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ مرحلہ کی بات چیت کے بعد مرکزی حکومت نے کہا تھا کہ فریقین میں چار مطالبات کے منجملہ دو مطالبات پر اتفاق رائے ہوا ہے جن میں برقی ترمیمی بل اور اس کے معیار سے متعلق کمیشن کے آرڈیننس جو پرالی جلانے سے پیدا ہوتی ہے اُس کے لئے پیانل فراہم کرنے سے دستبرداری شامل ہے۔