نئی دہلی : کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد معیشت کی بتدریج بحالی کے ساتھ ہی جی ایس ٹی ریونیو کی وصولی میں تیزی آنے لگی ہے ۔ اس سال اگست میں جی ایس ٹی کلکشن 1.12 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ رہا۔ اگرچہ اگست میں جمع ہونے والی رقم جولائی میں جمع ہونے والے 116393 کروڑ روپے سے کم ہے لیکن پھر بھی یہ ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہے ۔ کورونا کی دوسری لہر کے بعد سخت لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس سال جون میں جی ایس ٹی کلیکشن ایک لاکھ کروڑ روپے سے کم تھا۔ اس سے پہلے یہ لگاتار نو ماہ تک 1 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ تھا۔ اب پھر جولائی اور اگست میں یہ ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہو گیا ہے ۔اس سال اگست میں جی ایس ٹی کامجموعی کلکشن 112020 کروڑ روپے رہا ہے ۔