جوہانسبرگ۔24 مئی (سیاست ڈاٹ کا م)کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ سرگرمیاں ٹھپ ہونے کے درمیان کرکٹ جنوبی افریقہ (سی ایس کے) اور ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اس سال اگست میں ٹی 20 سیریز کرنے پر غور کر رہے ہیں۔جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے درمیان اس سال مارچ میں تین ونڈے میچوں کی سیریز ہونی تھی جس کا پہلا مقابلہ دھرم شالہ میں بارش کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا تھا جبکہ لکھنو اورکولکتہ میں دیگر دو مقابلوںکورونا کی وجہ سے ملتوی ہوگئے اور جنوبی افریقہ کی ٹیم واپس وطن لوٹ گئی تھی۔اگرچہ جنوبی افریقہ اور ہندوستان میں لاک ڈاون ہے اور یہاں سفر پر پابندی بھی جاری ہے اور موجودہ حالات میں اس سیریز کے انعقاد پر بھی بحران کے بادل منڈلا رہے ہیں۔یہ ٹی 20 سیریز مستقبل دورہ پروگرام کا حصہ نہیں ہے اور اسے لے کر کرکٹ جنوبی افریقہ کے ڈائریکٹر گرائم اسمتھ اوربی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی میں فروری میں بات چیت ہوئی تھی۔