نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے عام انتخابات میں جیت حاصل کرنے کی امید میں حکمت عملی کی منصوبہ بندی میں مصروف اپوزیشن پارٹیوں کو نفسیاتی جھٹکا دیتے ہوئے آج کہا کہ وہ اگلے سال لال قلعے کی فصیل سے قوم سے خطاب کرکے سب کے سامنے پیشرفت کی تفصیلات پیش کریں گے ۔ مودی نے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر قدیم لال قلعہ سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنے 10 سالہ دور حکومت میں کئے گئے کاموں کی پیش رفت کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ وہ اگلے سال دوبارہ آئیں گے اور اس مدت میں وہ ملک کو دنیا کی نئی طاقت کے طور پر قائم کرکے پانچ سالوں میں ہندوستان کو دنیا کی تیسری بڑی طاقت بنا دیں گے ۔
ملک میں 75ہزار امرت سروور بن رہے ہیں:مودی
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پانی کے شعبے میں خود کفیل ہندوستان کے لیے ہر گھر کو نل کا پانی فراہم کرانے کی اسکیم کے ساتھ ساتھ امرت سروور یوجنا بنائی گئی تھی، جس کے تحت ملک میں 75000 امرت سروور کی تعمیر کی جا رہی ہے ۔منگل کو لال قلعہ کی فصیل سے یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت صرف سنگ بنیاد رکھنے پر ہی انحصار نہیں کرتی ہے بلکہ اس نے جو وعدے کیے ہیں انہیں پورا کیا ہے ۔ اس تناظر میں ملک میں بنائے جانے والے امرت سرووروں کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 50 ہزار امرت سروور بنانے کا ہدف تھا، لیکن اب تقریباً 75000 امرت سروور تیار کیے جا رہے ہیں۔