اگنی پتھ اسکیم کے خلاف پرتشدد احتجاج کرنے کے الزام میں دو افراد گرفتار

   

نئی دہلی:نوئیڈا کے جیور پولیس اسٹیشن نے فوج کی بھرتی اسکیم ‘اگنی پتھ’ کے خلاف پرتشدد احتجاج کرنے پر جمعرات کو دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ جیور پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر انجنی کمار نے بتایا کہ 17 جون کو تقریباً 200-250 لڑکے پولیس اسٹیشن جیور علاقے میں جمع ہوئے اور حکومت مخالف اور اگنی پتھ اسکیم مخالف نعرے لگائے اور پھر ایکسپریس وے پر پہنچ کر ٹریفک میں خلل ڈال دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ہجوم نے جیور قصبہ میں واقع خرجا انڈر پاس پر پھلوں کی گاڑیوں، دیگر دکانوں وغیرہ کی توڑ پھوڑ کی۔انہوں نے کہا کہ ان واقعات سے خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ اس معاملے میں 75 نامزد اور 150 نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے دو ملزمین گووندا اور کلدیپ کو آج ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔