اگنی پتھ کو لے کر بی جے پی لیڈر تنگ نظری کا مظاہرہ بند کریں:مایاوتی

   

لکھنؤ: آرمی میں تقرری کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ نئی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کو جلد بازی میں تھوپنے کا الزام مرکزی حکومت پر لگاتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈروں کو اسکیم کے سلسلے میں بے بنیاد بیان بازی اور تنگ نظری کے مظاہرے سے باز رہنا چاہئے ۔ مایاوتی نے پیر کو ٹوئٹ میں لکھا’ اگنی پتھ نئی آرمی تقرری اسکیم ملک کی سیکورٹی و فوجی کے خوداعتمادی و عزت نفس سے وابستہ ہونے کے باوجود بی جے پی لیڈران جس طرح سے بے بنیاد بیان بازی کررہے ہیں وہ انتہائی نامناسب ہے ۔ عوام میں گمراہی و فوج کے لئے مشکلیں پیدا کرنے والی تنگ سیاست فورا بند ہو’۔ انہوں نے کہا’ ملک کو حیران کرنے والی نئی اگنی پتھ فوجی اسکیم حکومت کے ذریعہ نوٹ بندی و تالا بندی وغیرہ کی طرح ہی اچانک و کافی جلدبازی میں تھوپی جارہی ہے ۔