شامی صدر کے گفتگو کی سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی
دمشق ۔ 9 جون (ایجنسیز) شام کے صدر احمد الشرع کی جانب سے اپنی اہلیہ لطیفہ دروبی کے بارے میں دیے گئے بیان نے خاص طور پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر زبردست پذیرائی حاصل کی ہے۔ الشرع نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے ان کے ساتھ “غاروں اور دشوار جگہوں” میں زندگی گزاری، اور دونوں نے گذشتہ 14 برسوں میں 49 گھروں میں قیام کیا۔یہ گفتگو اتوار کے روز دمشق میں عید الاضحیٰ 2025 کی مناسبت سے شامی خواتین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران ہوئی۔ اس گفتگو کی وڈیو سرکاری خبر رساں ایجنسی “سانا” نے جاری کی۔ صدر الشرع نے کہا “میری اہلیہ نے میرے ساتھ چودہ برس غاروں میں گزارے… اور ہم نے 49 گھروں میں سکونت اختیار کی۔”انھوں نے مزید کہا “اگر میں اپنی نجی زندگی سے کچھ واقعات یاد کروں تو میری عزیز بیوی میرے ساتھ ان تمام مشکل حالات میں رہی۔ شاید ہم نے 2012 میں غیر معمولی حالات میں شادی کی… لگتا ہے کہ ہم نے پچھلے عرصے میں اوسطاً ہر تین ماہ بعد گھر بدلا، اور یہ عورت کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔”صدر نے مزید کہا “ہم نے نہایت دشوار مقامات پر زندگی گزاری، وہ میرے ساتھ غاروں میں رہی، پولٹری فارموں میں بھی رہی، اور دیگر سخت جگہوں پر بھی میرے ساتھ رہی، بلکہ ساتھ ساتھ اچھے حالات میں بھی، جیسا کہ کام کے حالات اجازت دیتے رہے۔ میں نے کئی بار اسے اور بچوں کو زیادہ محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کی، مگر وہ ہمیشہ انکار کرتی رہی اور ثابت قدم رہی۔”