اہل بیت اطہار کی محبت دلوں میں جاگزیں کرلینے کی تلقین

   

مسجد موسیٰ ظہیر آباد میں منعقدہ جلسہ سے مولانا سید سیف اللہ قادری کا خطاب

ظہیرآباد ۔ 14جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا سید سیف اللہ قادری خطیب و امام نے مسجد موسیٰ میں منعقدہ جلسہ اہلبیت اطہار کی فضیلت اور سید الشہدا حضرت امام حسینؓ عالی مقام کی شہادت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں تمہارے درمیان دو بڑی چیزیں چھوڑے جارہا ہوں – ایک قرآن، دوسرے میرے اہلییت۔ یہ ایک دوسرے سے ہرگز جدا نہ ہوں گے حتیٰ کہ میرے پاس حوض کوثر پر جمع ہوں۔ ایک اور حدیث میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرے اہلبیت کی مثال نوح علیہ السلام کی کشتی کی سی ہی ہے جو اس میں سوار ہوگیا ، وہ نجات پاگیا اور جو اس سے پیچھے رہ گیا وہ غرق ہوگیا ۔ ایک اور حدیث میں آپ ؐ نے فرمایا کہ قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے، ہم اہلیبیت سے جو بھی دشمنی کرے گا اللہ اسے منہ کے بل جہنم میں جھونک دے گا – انہوں نے امت مسلمہ کو اہلبیت اطہار کی محبت کو دلوں میں جاگزیں کرلینے کی تلقین کی ۔ صدر مسجد موسیٰ محمد جمیل الدین کی زیر صدارت منعقدہ جلسہ سے مزید سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا سید سیف اللہ قادری نے بہ بانگ دہل کہا کہ انبیاء کرام و پیغمبرانِ عظام کی عظیم تاریخ میں کسی نبی کی اولاد اور خانوادہ کی ایسی شہادت و قربانی پیش کرنے کی مثال نہیں ہے ۔ اسی پس منظر میں اگر سید الشہدا حضرت امام حسینؓ کی شہادت کا جائزہ لیں تو یہ بات واضح طور پر سمجھ میں آجائے گی کہ راہِ عشق میں اپنی اور اپنے خانوادہ کی جانوں کو قربان کردینا ہی ایمان کا مقصود اور اسلام کی روح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کے اس جرأ تمندانہ اقدام کو عین دین اور دین کے تحفظ سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت تا قیامت حق کی مثال جبکہ یزید تا قیامت باطل کی بد ترین مثال بن گیا ہے ۔ اس موقع پر عالمی ثنا خوان مصطفیٰ، حافظ سید فرقان علی نقشبندی نظامی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں نعت شریف اور بارگاہ عالی مقام حضرت امام حسینؓ میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ اس جلسہ میں نائب صدرمسجد موسی محمد رحیم الدین ، معتمد محمد سمیع الدین ایڈوکیٹ ، نائب صدر محمد سلیم ، سید رحمت اللہ قادری، محمد سلیم جاپانی، محمد نجم الدین، محمدسلطان مرزائی ، محمد عظیم الدین قادری اور دیگر علما ء اورمشائخین نے اپنی شرکت درج کرائی ۔ جلسہ کا اختتام سلام و فاتحہ خوانی پر ہوا ۔
علاج کیلئے جمعیت العلماء کی جانب سے امداد
آرمور۔ 14 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر جمعیت علماء آرمور حافظ محمد ابراہیم نے بتایا ایک نو مسلم شخص جن کا موجودہ نام عبدالرحمن ہے انہوں نے کچھ عرصہ قبل اسلام قبول کیا۔ انہوں نے جمیعت العلماء آرمور سے رجوع ہو کر اپنے آپریشن کروانے کے لیے مالی امداد کی اپیل کرنے پر جمیعت العلماء آرمور نے انکے آپریشن کروانے کے مکمل خرچ کا انتظام کیا اور نظام آباد کے خانگی دواخانہ سٹی ملٹی اسپشالٹی ہاسپٹل میں مکمل علاج کروایا۔