سنگاریڈی میں درخواست فارمس کی اجرائی، ضلع صدر ٹی یو ڈبلیو جے بی یادگیری کا خطاب
سنگاریڈی 2 اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع سنگاریڈی کے تمام مستحق صحافیوں کیلئے رہایشی پلاٹس کی منظوری ہی ضلع ٹی یو ڈبلیو جے کا اصل مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار بی یادگیری ضلع صدر ٹی یو ڈبلیو جے نے تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس ( ٹی یو ڈبلیو جے۔ آئی جے یو ) کے زیر اہتمام آئی بی گیسٹ ہاؤز سنگاریڈی میں منعقدہ مستحق تلگو، انگریزی اور اُردو پرنٹ و الیکٹرانک صحافیوں کیلئے رہائشی پلاٹس درخواست فارم کی رسم اجرائی کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ الحاج ایم اے قادر فیصل ریاستی نائب صدر ٹی یو ڈبلیو جے کی ہدایت پر ضلع سنگاریڈی کے تمام منڈلوں و ٹاؤنس پٹن چیرو، سداسیوپیٹ، نارائن کھیڑ اور ظہیرآباد جیسے مقامات پر صحافیوں کیلئے رہائشی پلاٹس درخواست فارمس کی اجرائی عمل میں آئی۔ عرصہ دراز سے ٹی یو ڈبلیو جے کی انتھک جدوجہد کی وجہ سے ہزاروں صحافیوں کو رہائشی پلاٹس مل چکے ہیں اور مزید کئی مستحق صحافیوں کو رہائشی پلاٹس ملنا باقی ہے۔ اس خصوص میں چیرمین میڈیا اکیڈمی سرینواس ریڈی اور خواجہ وراحت علی ریاستی صدر ٹی یو ڈبلیو جے اور دیگر یونین قائدین ریاستی حکومت و دیگر ارباب مجاز سے گفت وشنید کرتے ہوے تمام اہل و مستحق صحافیوں کو رہائشی پلاٹس فراہم کرنے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے ضلع کے تمام صحافیوں سے جاریہ ماہ اکتوبر کے اواخر میں حیدرآباد میں منعقد شدنی ریاستی سطح کے ’’آتمیہ سمیلن ‘‘ میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوے کامیابی سے ہمکنار کرنے کی خواہش کی۔ بی یادگیری ضلع صدر نے تمام اہل و مستحق صحافیوں سے 15 اکتوبر تک رہائشی پلاٹ درخواست فارم کی خانہ پری کرتے ہوے مقامی یونین کے ذمہ داران کے حوالے کرنے کی خواہش کی۔ اس موقع پر ضلع جنرل سیکریٹری وشنو، سینئر صحافی کرشنا، ریاستی ہاؤزنگ سائٹ کمیٹی رکن محمد انور، محمد صدیق ضلع نائب صدر ٹی یو ڈبلیو جے، مسعود امتیاز خاں ضلع خازن ٹی یو ڈبلیو جے، محمد عارف، ایم اے متین، اکمل ملنگی، پانڈو، سرینو، پرم جیوتی، ولسن،ہری، داسو، شوکت علی، ستار خاں، محمد یوسف، محمد عامر، سریکانت، ناگراجو گوڑ، پی لکشمن اور ستیش ودیگر موجود تھے۔