اہل غزہ کی آبادکاری کی اجازت نہیں دیں گے:صومالیہ کا امریکہ کو جواب

   

موغادیشو : امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مشرقی افریقہ کے تین ممالک سے غزہ کے فلسطینیوں کو آباد کرنے زمین فراہم کرنے پر بات چیت کے انکشاف کے بعد صومالیہ اور اس کے علاحدہ خطے صومالی لینڈ کا واضح ردعمل سامنے آیا ہے۔صومالیہ اور صومالی لینڈ کے وزرائے خارجہ نے اعلان کیا کہ انہیں امریکہ یا اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی آبادکاری کے حوالے سے کوئی تجویز نہیں ملی ۔ صومالی وزیر خارجہ احمد معلم فقی نے کہا کہ ان کا ملک ایسی تجویز کو مسترد کرتا ہے جو فلسطینی عوام کے اپنی سرزمین پر امن سے رہنے کے حق کو نقصان پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ صومالی حکومت کو اس حوالے سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور ان کا ملک کسی ایسے منصوبے کی مخالفت کرے گا جو صومالی زمین کو دیگر افراد کی آبادکاری کیلئے استعمال کرے۔ اسی طرح، صومالی لینڈ کے وزیر خارجہ عبد الرحمن ظاہر ادان نے بھی تصدیق کی کہ انہیں اس معاملے پر کوئی تجویز نہیں ملی اور نہ ہی فلسطینیوں کی آبادکاری سے متعلق کوئی بات چیت ہوئی ہے۔واضح رہے کہ امریکی اور اسرائیلی حکام نے سوڈان، صومالیہ اور صومالی لینڈ کو فلسطینیوں کی آبادکاری کیلئے ممکنہ مقامات کے طور پر تجویز کیا تھا، تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ان بات چیت کے کیا نتائج نکلے۔ دوسری جانب، سوڈانی حکام نے تصدیق کی کہ انہوں نے اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔