بھٹی وکرامارکا کی اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی سے ملاقات، کانگریس کو دوبارہ الاٹ کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس لیجسلیچر پارٹی قائد بھٹی وکرامارکا اور ڈپٹی لیڈر ڈی سریدھر بابو نے آج اسپیکر قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ایک مکتوب حوالے کیا جس میں ایوان میں نشستوں کے الاٹمنٹ پر اعتراض کیا گیا۔ کانگریس نے ایوان میں اہم اپوزیشن کا گوشہ کانگریس پارٹی کو دوبارہ الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ہم انتہائی دکھ کے ساتھ یہ مکتوب لکھ رہے ہیں کیونکہ سی ایل پی لیڈر اور کانگریس ارکان کیلئے مختص کردہ نشستیں مجلس کو الاٹ کردی گئیں۔ کئی مواقع پر مجلس کے صدر اسد اویسی اور ٹی آر ایس پارٹی کے سربراہ و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ دونوں دوست جماعتیں ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا کہ دوست جماعت کو کس طرح اپوزیشن پارٹی کا درجہ دیا جاسکتا ہے۔ کانگریس پارٹی ارکان کی نشستوں کو ایک حلیف پارٹی کو الاٹ کرنا ایوان میں اپوزیشن کو کچلنے کی کوشش ہے۔ انڈین نیشنل کانگریس کو ایوان میں دیگر اپوزیشن جماعتوں سے زیادہ ارکان کی تائید حاصل ہے اور ٹی آر ایس کے بعد تلنگانہ کی دوسری بڑی جماعت ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے اہم اپوزیشن کی نشستیں کانگریس کو دوبارہ الاٹ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمانی روایات کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا جانا چاہیئے۔