اہم درگاہوں سے وقف بورڈ کی آمدنی روکنے وقف مافیا سرگرم

   

درگاہ جہانگیر پیراںؒ کے آکشن میں رکاوٹ، گزشتہ دو برسوں میں درگاہوں سے کئی کروڑ کی آمدنی
حیدرآباد ۔ 25۔جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کی اہم درگاہوں سے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے وقف مافیا سرگرم ہوچکا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران اہم درگاہوں کی خدمات سے متعلق ہراج کے ذریعہ وقف بورڈ کی آمدنی میں کئی کروڑ روپئے کا اضافہ ہوا لیکن بعض مفادات حاصلہ درگاہوں کے ہراج میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وقف بورڈ کے بعض ارکان اور عہدیداروں سے ملی بھگت کے ذریعہ ہراج کو کم رقم میں اپنی پسند کے افراد کو الاٹ کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ ان کوششوں سے وقف بورڈ بھاری رقومات سے محروم ہوجائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کا کنٹراکٹ 28 جون کو ختم ہوجائے گا ۔ قواعد کے مطابق کنٹراکٹ کے اختتام سے 8 دن قبل ہراج کا اعلامیہ جاری کیا جاتا ہے لیکن بعص افراد اعلامیہ کی اجرائی میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اعلامیہ کی اجرائی کے سلسلہ میں عہدیداروں کو دو مرتبہ باقاعدہ ہدایت دی لیکن کسی نہ کسی بہانے سے اعلامیہ کی اجرائی کو ٹالا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ باقاعدہ ہراج کے بجائے بعض افراد اپنے قریبی کنٹراکٹر کو درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کے انتظامات الاٹ کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ محمد سلیم کے صدر نشین کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد کئی اہم درگاہوں سے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہوا ۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کا آکشن چند برسوں تک نہیں ہوا۔ 2017-18 ء میں 90 لاکھ روپئے میں کنٹراکٹ الاٹ کیا گیا۔ جبکہ 2018-19 ء میں ایک کروڑ 36 لاکھ 11 ہزار 786 روپئے میں کنٹراکٹ الاٹ ہوا ۔ جاریہ سال آکشن کی صورت میں وقف بورڈ کو مزید آمدنی حاصل ہوسکتی ہے۔ انتظامات وقف بورڈ کی راست نگرانی میں لئے جانے سے بورڈ کا نقصان ہے ، لہذا اندرون مقررہ مدت آکشن کیا جانا چاہئے۔ درگاہ حضرت سید سعد اللہ حسینی ؒ بڑا پہاڑ کے انتظامات عہدیداروں کی کمیٹی کے حوالے کئے گئے تھے ۔ چار سال تک کوئی آکشن نہیں ہوا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے اس سلسلہ میں اس وقت کے وزیر پوچارم سرینواس ریڈی سے بات چیت کرتے ہوئے 2018 ء میں انتظامات ایک کروڑ 41 لاکھ 93 ہزار روپئے میں الاٹ کئے تھے۔ 2019-20 ء کے انتظامات کا آکشن تین کروڑ 16 لاکھ روپئے میں الاٹ کیا گیا ۔ اس طرح وقف بورڈ کو ایک سال کے آکشن میں دو کروڑ کا فائدہ ہوا ۔ نلگنڈہ کی درگاہ حضرت جان پاک شہیدؒ کا آکشن 2017-18 ء میں 20 لاکھ روپئے میں الاٹ کیا گیا تھا جبکہ 2018-19 ء میں وقف بورڈ کو 88 لاکھ 11 ہزار کی آمدنی ہوئی ۔ درگاہ حضرت یعقوب شہید ورنگل کے انتظامات 2017-18 ء میں 86 لاکھ روپئے میں الاٹ کئے گئے تھے جبکہ 2018-19 ء میں یہ رقم بڑھ کر 93 لاکھ تک پہنچ گئی ۔ 2019-20 ء میں کنٹراکٹ ایک کروڑ 52 لاکھ 52000 میں الاٹ کیا گیا۔ اس کے علاوہ بالوں کے لئے 18 لاکھ اور لڈو کے لئے 10 لاکھ میں کنٹراکٹ دیا گیا ۔ وقف بورڈ اگر اہم درگاہوں اور اداروں سے آمدنی میں اضافہ پر توجہ دے تو کئی کروڑ روپئے اضافی طور پر حاصل ہوسکتے ہیں۔