اہم سیاسی پارٹیاں انتخابی منشور کی تیاری میں مصروف

   

بی جے پی کی توجہ پسماندہ طبقات پر، نئی فلاحی اسکیمات کے امکانی وعدے
حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کو6 ماہ باقی ہیں اور تمام بڑی سیاسی پارٹیوں نے انتخابی منشور کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے تاکہ عوام کی توقعات کے عین مطابق وعدوں کو شامل کیا جاسکے۔ بی جے پی نے غریبوں کی بھلائی سے متعلق انتخابی وعدوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی صدر بنڈی سنجے نے گھر گھر پہنچ کر عوام سے ربط قائم کرنے کیلئے پارٹی کی ٹاسک فورس کو مشورہ دیا ہے۔ انتخابی منشور کی تیاری کی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سینئر قائدین پر مشتمل ٹاسک فورس نے منشور میں غریبوں اور پسماندہ طبقات کی بھلائی کے علاوہ متوسط طبقات کے معیارِ زندگی میں اضافہ سے متعلق وعدوں کو شامل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کی بھلائی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹاسک فورس کے اجلاس کا ایجنڈہ طئے کرلیا گیا ہے جس کے تحت انتخابی منشور کے امور کو قطعیت دی جارہی ہے۔ بنڈی سنجے نے پدیاترا کے دوران عوام سے حاصل ہونے والی نمائندگیوں کی بنیاد پر منشور کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے۔ بنڈی سنجے کی پدیاترا مزید کئی اضلاع میں ابھی باقی ہے اور وہ انتخابات سے عین قبل دوبارہ پدیاترا کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بی جے پی کے انتخابی منشور میں مفت تعلیم اور نئی فلاحی اسکیمات متعارف کرنے کا وعدہ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈی سنجے نے انتخابی منشور کی تیاری کے ضمن میں مرکزی حکومت اور پارٹی اعلیٰ کمان کی رائے حاصل کی ہے۔ر