اہم قائدین سے ریلیف کاموں کیلئے فنڈس وصول کئے جائیں

   

سونیا گاندھی سے وی ہنمنت راؤ کی اپیل ، غیر مقامی ورکرس کیلئے کیمپس کے قیام کی تجویز

حیدرآباد۔21۔ اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کورونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریبوں اور غیر مقامی ورکرس کی مدد کیلئے اہم قائدین سے فنڈس وصول کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام انچارج جنرل سکریٹریز کو ہدایت دی جائیں کہ وہ متعلقہ پردیش کانگریس صدور سے مشاورت کے بعد ہر ریاست میں ٹرسٹ قائم کریں۔ کانگریس حکومتوں میں وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے عہدوں پر فائز رہے قائدین اور کانگریس کے ہمدردوں سے فنڈس جمع کئے گئے۔ غیر مقامی لیبر اور ضرورت مندوں کے لئے مختلف مقامات پر کیمپس کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ کانگریس کی جانب سے غیر مقامی مزدوروں کیلئے راحت کیمپس کے قیام سے وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے میں مدد ملے گی اور کانگریس پارٹی کی نیک نامی ہوگی۔ ہنمنت راؤ نے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ مرکزی حکومت غریبوں اور غیر مقامی ورکرس کے مسائل کے حل میں ناکام ہوچکی ہے، کانگریس پارٹی کو یہ ذمہ داری سنبھالنی چاہئے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کے مطالبہ پر خاموش ہیں۔ غیر کانگریس ریاستوں میں برسر اقتدار حکومتیں اپوزیشن کو نظر انداز کر رہی ہیں، لہذا کانگریس کو عوام کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے ۔ ایسے قائدین جو کانگریس حکومتوں میں اقتدار میں رہے، انہیں کیمپس قائم کرنے میں اہم رول ادا کرنا چاہئے ۔