حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست تلنگانہ میں اہمیت کے حامل پوسٹس کی مخلوعہ جائیدادوں کو ہنوز پُر نہ کرنے پر حکومت تلنگانہ کی سرزنش کی ہے۔ عدالت نے اب کئی ماہ اور بعض کیسیس میں کئی سال سے مخلوعہ مختلف پوسٹس کو پُر کرنے کے لئے حکومت کو 20 ڈسمبر کی آخری تاریخ دی ہے۔ چیف جسٹس راگھویندرا سنگھ چوہان اور جسٹس اے ابھیشک ریڈی پر مشتمل بنچ نے ایک سماجی کارکن اے ویکنا کی جانب سے داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست کو پڑھتے ہوئے حکومت کو فرق کو درست کرنے کی ہدایت دی۔ رپورٹس کے مطابق ہائی کورٹ کی اس بنچ نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیاکہ ریاستی حکومت ان اہم پوسٹس کو پُر کئے بغیر کرپشن اور حقوق کی خلاف ورزی کو ختم کرنے کا کس طرح ارادہ کرسکتی ہے۔