ایئربس کے ہندوستانی ہیلی کاپٹر پلانٹ کا کچھ ہی ہفتوں میں افتتاح

   

فرانس کی کمپنی ایئربس نے 2025ء کی کارکردگی کی اہم جھلکیاں شیئر کیں

نئی دہلی، 27 جنوری (یواین آئی) طیارے اور ہیلی کاپٹر بنانے والی دنیا کی سرکردہ کمپنی ایئربس کے کرناٹک میں زیرِ تعمیر ایچ125 ہیلی کاپٹر پلانٹ کا افتتاح فروری-مارچ میں ممکن ہے ۔فرانس کی کمپنی ایئربس نے پیر کے روز سال 2025 کی کارکردگی کی اہم جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ کمپنی نے بتایا کہ اپنی توسیعی منصوبہ بندی کے تحت وہ کرناٹک کے ویماگل میں ایچ125 ہیلی کاپٹر کے لیے فائنل اسمبلی لائن قائم کر رہی ہے ۔ اس منصوبے پر سال 2025 میں کام شروع ہو چکا ہے ۔کمپنی نے اپنے بیان میں کہاکہ آنے والے ہفتوں میں اس پلانٹ کا افتتاح کیا جانا ہے ۔ یہ ایچ125 ہیلی کاپٹر کے لیے دنیا میں ایئربس کا چوتھا پلانٹ ہوگا، جو ہندوستانی بازار کے تئیں ایئربس کی وابستگی اور عالمی سپلائی چین کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے ۔اس سلسلے میں پوچھے جانے پر کمپنی کے ایک ترجمان نے دوبارہ کہا کہ افتتاح کے بارے میں ’’آنے والے ہفتوں میں‘‘ مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ’یواین آئی‘ کو بتایا کہ اس پلانٹ سے پہلے ہیلی کاپٹر کی ڈلیوری سال 2027 میں متوقع ہے۔ ایئربس نے بتایا کہ سال 2025 میں اسے 544 ہیلی کاپٹروں کے آرڈرز ملے ، جو شہری اور فوجی دونوں شعبوں میں مضبوط طلب میں اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ آرڈرز 50 ممالک کے 205 گاہکوں سے حاصل ہوئے ہیں۔ کمپنی نے اسی سال کے دوران 392 ہیلی کاپٹرز کی ترسیل کی۔ اس کے ساتھ ہی ڈرونز کے آرڈرز میں بھی نمایاں اضافہ درج کیا گیا۔ایئربس ہیلی کاپٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برونو ایوین نے کہا کہ دفاع اور سلامتی پر کمپنی کی توجہ اپنی بلند ترین سطح پر ہے ، اور ساتھ ہی ڈرونز کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں کمپنی صفِ اول میں ہے ۔