نئی دہلی، 31 مارچ (یو این آئی) ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنی ایئرٹیل نے اپنی ڈیٹا سینٹر کمپنی نیکسٹرا میں ایک ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ، جس کا استعمال کمپنی کی توسیع اور ترقی کو تیز کرنے کیلئے کیا جائے گا۔ ایئرٹیل نے پیر کی رات ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اہم سرمایہ کار الفا ویو گلوبل ہوگا، جو43.5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ کارلائل 24 کروڑ ڈالر اور اینکریج کیپٹل 3.5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ بقیہ رقم (29 کروڑ ڈالر) کی سرمایہ کاری خود ایرٹیل کی طرف سے کی جائے گی۔ حتمی شیئر ہولڈنگ کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی ہے ، لیکن ایرٹیل نے کہا ہے کہ وہ نیکسٹرا میں اپنا کنٹرولنگ حصص برقرار رکھے گا۔ یہ معاہدہ اب بھی ہندوستانی ریگولیٹرز کی منظوری سے مشروط ہے ۔ یہ سرمایہ نیکسٹرا کے ترقی کے منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ کمپنی اپنے بنیادی ڈھانچے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بڑھانے کے ساتھ اپنی خدمات کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کا بھی منصوبہ بنارہی ہے ، تاکہ ملک کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ڈیٹا سینٹر سیکٹر میں کمپنیوں اور سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کی مانگ کے مطابق خود کو ڈھالا جاسکے ۔