ایئرپورٹ پرچندرابابونائیڈو کی تلاشی لی گئی ۔ ٹی ڈی پی نے ناراضگی کا کیا اظہار

,

   

آندھراپردیش کے سابق وزیراعلیٰ و تلگودیشم کے قومی صدراین چندرابابونائیڈو کی گناورم ایرپورٹ پر تلاشی لی گئی۔ یہ واقعہ جمعہ کی شام کا ہے جس میں ایرپورٹ کے سیکوریٹی عہدیداروں نے ان کی تلاشی لی۔چندرابابو کو زیڈ پلس سیکوریٹی حاصل ہے۔نائیڈو کی گاڑی کو ایرپورٹ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ان سے کہا گیا کہ وہ ایرپورٹ کی بس میں دیگر مسافرین کے ساتھ سوار ہوں۔یہ بس، مسافرین کو طیارہ تک چھوڑتی ہے۔نائیڈو، جمعہ کی شب انتخابی شکست کا پارٹی لیڈروں کے ساتھ جائزہ لینے کے بعد وجئے واڑہ سے حیدرآباد واپس ہورہے تھے۔

نائیڈو کی ایرپورٹ کے سیکوریٹی اسٹاف کی جانب سے تلاشی کی تصویر بھی سامنے آئی ہے۔ نائیڈو کووی وی آئی پی کا درجہ حاصل ہے کیونکہ وہ ملک کے سینئر ترین سیاستدانوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔مرکزی حکومت نے ان کو زیڈ پلس زمرہ کی سیکوریٹی فراہم کی ہے کیونکہ وہ ماونوازوں کا اصل نشانہ ہیں۔تلگودیشم کے لیڈروں نے کہاکہ محکمہ پولیس نے ان کی گاڑیوں کے قافلہ میں کمی اوراقل ترین مراعات فراہم نہ کرتے ہوئے ان کی سلامتی کو خطرہ میں ڈالا ہے.۔

تلگودیشم کے ترجمان و رکن کونسل بدھا وینکنا نے کہاکہ حال ہی میں محکمہ پولیس نے ان کی گاڑیوں سے دوگاڑیوں سے دستبرداری اختیار کی اور ایرپورٹ کے اندران کی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سیکوریٹی کی گیٹ پر ان کی تلاشی بھی لی گئی۔وہیں آندھراپردیش کے سابق وزیرداخلہ چینا راجپاکا کہناہے کہ بی جے پی اور وائی ایس آرکانگریس کی جانب سے چندرابابونائیڈو کو پریشان کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ چینا راجپا نے کہا کہ اس واقعہ کا سخت نوٹ لیا گیا ہے۔