ایئرپورٹ پر امریکی کرنسی اور 2.5 کیلو سونا ضبط

   

حیدرآباد۔شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر کسٹم کے حکام نے سی آئی ایس ایف کے ساتھ تال میل کے ذریعہ ایک شخص کے خلاف بیرونی زرمبادلہ کا معاملہ درج کیا جو فلائٹ نمبرFZ8776کے ذریعہ دبئی جانے کی کوشش کررہا تھا۔اس کے ہینڈ بیگ میں 30,000امریکی ڈالر پائے گئے ۔اس کی ہندوستانی کرنسی میں مالیت 21,48,000روپئے ہے ۔یہ رقم کسٹم ایکٹ 1962کے تحت ضبط کرلی گئی اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔
ایک اور معاملہ میں ایرپورٹ پر کسٹم کے عہدیداروں نے پانچ افراد کے خلاف سونے کی اسمگلنگ کا معاملہ درج کرلیا۔یہ افراد دبئی سے شہر پہنچے تھے ۔یہ سونا مکسر گرینڈر،موٹرس اور کاٹنے کے لئے استعمال ہونے والے آلات میں چھپاکرلایاگیا تھا۔یہ مسافرین فلائٹ نمبرFZ-8779کے ذریعہ حیدرآباد پہنچے تھے ۔ایرپورٹ پر ان کے لگیج کی تلاشی کے دوران اس سونے کا پتہ چلا۔اس 2.5کیلوسونے کی مالیت 1.15کروڑ روپئے ہے جس کو ضبط کرلیاگیا۔مسافرین کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔اس طرح شمس آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے کسٹم حکام نے سونے کی اسمگلنگ کی ایک اور کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔