ایئرہوسٹس کیساتھ نازیبا حرکت کرنے والے ہندوستانی کو سزائے قید

   

Ferty9 Clinic

سنگاپور ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی شہری کو یہاں 2017ء میں کوچی سے سنگاپور جانے والے ایک طیارہ میں پرواز کے دوران ایک ایئر ہوسٹس کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے کی پاداش میں چار ماہ کی سزائے قید سنائی گئی ہے۔ چینل نیوز ایشیاء کے مطابق وجین ماتھن گوپال جو ایک کوالٹی ایشورنس انجینئر ہے، کو مقدمہ کی سماعت کے دوران 2 نومبر 2017ء کے روز پرواز کے دوران 22 سالہ نوجوان ایئرہوسٹس کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا۔ عدالتی کارروائی کے دوران متاثرہ ایئرہوسٹس بھی موجود تھی اور اس نے جج کو بتایا کہ ملزم بار بار ایئرہوسٹس کو بلانے والی گھنٹی بجارہا تھا اور وہ اس کے پاس صرف یہی کہنے گئی تھی کہ بار بار گھنٹی نہ بجائے اس سے دوسرے مسافرین کو تکلیف ہوتی ہے لیکن وجین نے میرے چہرے کو اپنی دونوں ہتھیلیوں کے درمیان پکڑ کر کہا کہ میں بہت خوبصورت ہوں۔ میں اسے صرف اس لئے دھکا نہیں دے سکی کہ وہ ایک مسافر تھا اور مسافرین کے ساتھ ہمیں بہتر سلوک کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔
بجائے اس کے میں نے ’’سر ، سر‘‘ کہہ کر اپنے آپ کو پیچھے ہٹا لیا تھا لیکن وجین اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا اور اس نے نہ صرف میرا بازو پکڑ لیا بلکہ میری ران اور کولہوں پر بھی زور سے ہاتھ مارا تھا۔