ایئر انڈیا حادثہ پر تیز تحقیقات پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے :نائیڈو

   

نئی دہلی۔ 7 اکتوبر (یو این آئی) اس سال جون میں گجرات کے احمد آباد میں ہوئے ایئر انڈیا کے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کے بارے میں شہری ہوابازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے منگل کو کہا کہ حکومت تحقیقاتی ایجنسی پر تیزی سے رپورٹ پیش کرنے کیلئے دباؤ نہیں ڈالنا چاہتی ہے ۔ یہاں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ حتمی رپورٹ آنے میں کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا،اے اے آئی بی (ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو) حتمی رپورٹ پر انتہائی شفاف اور غیر جانبدارانہ مطالعہ کر رہا ہے ۔ ہم ان پر جلد بازی میں رپورٹ تیار کرنے کیلئے دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اے اے آئی بی کو رپورٹ تیار کرنے میں ضروری وقت لگے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 171 احمد آباد ہوائی اڈے سے ٹیک آف کے فوراً بعد ایک سرکاری اسپتال کی عمارت سے ٹکرا گئی۔ طیارہ ٹیک آف کے بعد مطلوبہ بلندی تک پہنچنے میں ناکام رہا۔
جہاز میں عملے کے تمام 12 ارکان اور 230 مسافروں میں سے 229 ہلاک ہو گئے ۔ حادثے میں زمین پر موجود انیس افراد بھی ہلاک ہو گئے ۔