نئی دہلی، 8 جولائی (یو این آئی) ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو نے ہوا بازی کی وزارت کو گزشتہ ماہ احمد آباد میں پیش آنے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بارے میں اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی ہے ۔ ذرائع نے منگل کے روز یہاں بتایا کہ یہ رپورٹ ابتدائی تحقیقات میں موصول ہونے والی معلومات پر مبنی ہے اور اسے وزارت کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ فریقوں کوبھی شیئر کیا گیا ہے ۔ احمد آباد سے لندن جانے والا ایئر انڈیا کا یہ طیارہ 12 جون کو ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں 250 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ ان میں طیارے کے عملہ سمیت 242 افراد سوار تھے ۔ طیارے میں سوار ایک شخص خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔ یہ طیارہ ہوائی اڈے کے قریب میڈیکل کالج کے ہاسٹل کے اوپر گرا تھا، جس کی وجہ سے میڈیکل کے متعدد طلبہ اور دیگر بھی اس حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ تفتیشی پروٹوکول کے مطابق تحقیقاتی ادارے کو ابتدائی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرنی ہے ۔ اس رپورٹ کی تیاری میں تمام بین الاقوامی معیارات پر عمل کیا جا رہا ہے۔