لندن۔5؍اکتوبر ( ایجنسیز ) امرتسر سے برمنگھم جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی117 کو برطانیہ میں لینڈنگ کرنا پڑا جب طیارے کی ایمرجنسی ریم ایئر ٹربائن (آر اے ٹی) لینڈنگ سے عین قبل خود بخود فعال ہو گئی۔ لیکن طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور تمام مسافر اور عملہ محفوظ ہیں۔ ایئر انڈیا کے مطابق آر اے ٹی سسٹم ہفتے کے روز حتمی اپروچ کے دوران خود بخود ایکٹیو ہو گیا۔ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ فلائٹ اے آئی117 کے عملے نے برمنگھم پہنچنے سے عین قبل آر اے ٹی کی تنصیب کا معائنہ کیا تھا۔ تمام الیکٹریکل اور ہائیڈرولک پیرامیٹرز نارمل پائے گئے اور طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا۔ کمپنی نے کہا کہ طیارے کو تکنیکی معائنے کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور واپسی کی پرواز اے آئی114 (برمنگھم سے دہلی) منسوخ کر دی گئی ہے۔ متاثرہ مسافروں کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے۔