ریاض میں ہنگامی لینڈنگ‘تلاشی کے بعد اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی
ریاض ۔22؍جون(ایجنسیز )ایئر انڈیا کی برمنگھم سے دہلی جانے والی پرواز اے آئی 114 میں بم کی موجودگی کی دھمکی کے بعد طیارے کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی جانب موڑ دیا گیا جہاں اس نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’دھمکی موصول ہونے کے فوری بعد طیارے کو ریاض منتقل کیا گیا کیونکہ اس وقت سب سے نزدیک ترین ایئرپورٹ ریاض میں ہی تھا جہاں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مکمل سہولیات موجود تھیں۔ ریاض میں سیکوریٹی اداروں کی جانب سے مکمل جانچ پڑتال کے بعد کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔‘پرواز میں موجود تمام مسافروں کو طیارے سے بحفاظت اتار کر اور اْنہیں ہوٹل منتقل کیا گیا ہے۔ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ مسافروں کو اْن کی منزل یعنی دہلی پہنچانے کیلئے متبادل پروازوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں تمام مسافروں کو دہلی روانہ کر دیا جائے گا۔ایئر انڈیا کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس روزانہ 1100 سے زائد پروازیں چلاتی ہیں جن کے ذریعہ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ مسافر سفر کرتے ہیں۔ہماری اولین ترجیح محفوظ پروازیں ہیں۔ حالیہ دنوں میں فضائی حدود کی بندش، یورپ و مشرقی ایشیا کے ایئرپورٹس پر رات کے اوقات میں کرفیو، فضائی ٹریفک میں بھیڑ اور دیگر غیر متوقع مسائل کے باعث بعض پروازوں میں تاخیر یا منسوخی جیسے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ ’21 جون کی پرواز اے آئی 114 کو بم کی دھمکی کے بعد ریاض منتقل کیا گیا جہاں طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی اور سکیورٹی چیک مکمل کیے گئے۔ تمام مسافروں کو اتار لیا گیا ہے اور اْنہیں ہوٹل فراہم کر دیا گیا ہے۔ ہم اس غیر متوقع صورتحال پر مسافروں سے دلی معذرت خواہ ہیں اور اْنہیں ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔‘یاد رہے کہ یہ واقعہ اْس وقت پیش آیا ہے جب صرف 10 روز قبل ہی احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 717 ٹیک آف کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس سے فضائی سفر کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔