اقوام متحدہ ۔24 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل سیول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے فضائی سفر کے حوالے سے تخمینہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب دنیا بھر میں بین الاقوامی مسافرین کی تعداد میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ خصوصاً ہندوستان میں بین الاقوامی مسافرین کی آمد و رفت میں 89 فیصد کمی درج کی گئی ہے ۔ فبروری کے شروعات میں یہ کمی 13 فیصد تک درج کی گئی تھی جوکہ مارچ میں بڑھکر 49 فیصد اور اب اپریل میں عالمی سطح پر درج کئے گئے مسافرین کی تعداد میں کمی کا تناسب 90 فیصد درج کیا گیا ہے ۔ جبکہ دنیا بھر کی 290 ایئر لائنز کی نمائندہ تنظیم انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں ایشیا پیسیفک خطے کی ایئر لائنز کے کاروبار میں اس سال پچاس فیصد تک کی کمی آ سکتی ہے۔ آئی اے ٹی اے نے جمعے کو کہا ہے کہ اس سال ہوائی کمپنیوں کی آمدنی میں 113 بلین ڈالر کی کمی متوقع ہے۔ ایسوسی ایشن کے نائب صدر برائے ایشیا پیسیفک کونراڈ کلفرڈ کے مطابق ایئر لائنز اور سیاحت کی صنعت سے منسلک گیارہ ملین سے زائد افراد کی ملازمتوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔