ایئر کینیڈا نے احتیاطاً پروازوں کا راستہ بدل دیا

   

ٹورنٹو، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران اور امریکہ کی وجہ سے مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایئر کینیڈا نے عراق کے ایئر اسپیس کو نظر انداز کرکے پروازوں کا راستہ دبئی کی جانب تبدیل کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔کینیڈا قومی ایئر سروس نے بیان جاری کرکے اس کی اطلاع دی۔ایئر کناڈا نے بیان جاری کر کے کہا کہ ‘‘مغربی ایشیا میں کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے تمام بین الاقوامی ہوائی جہاز کمپنیوں کی طرح ایئر کینیڈا نے بھی احتیاطًا پروازوں کا راستہ دبئی کی جانب تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ تازہ ترین تبدیلیاں عراق کی فضائی حدود سے متعلق ہیں جسے فی الحال ہم نظر انداز کر رہے ہیں’’۔ایر لائنز نے کہا کہ وہ گزشتہ برس سے ہی عراق کے ایئر اسپیس کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مغربی ایشیا کے حالات پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ایران کے اسلامک ریوولیوشنری گارڈ کورپس (آئی آر جی سی ) نے امریکہ کی جانب سے گزشتہ جمعہ کو بغداد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب راکٹ کے حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کے لئے چہارشنبہ کو روز عراق میں واقع دو امریکی ائیر بیس پر میزائل سے حملہ کیا گیا تھا۔