ایئر کینیڈا کی ہڑتال کے باعث پروازیں منسوخ

   

اوٹاوا، 17 اگست (یو این آئی) کینیڈا کی سب سے بڑی ایئر لائن ایئر کینیڈا نے کہا کہ اس نے اپنے 10,000 فلائٹ اٹینڈنٹ کی ہڑتال کی وجہ سے ایئر کینیڈا اور ایئر کینیڈا روج کے تمام آپریشنز کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے ۔ایئر لائن نے ایک نیوز ریلیز میں کہا کہ کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائز (سی یو پی ای) کی قیادت میں ہڑتال سرکاری طور پر ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق 12:58 بجے (0458 جی ایم ٹی) پر شروع ہوئی۔چہارشنبہ کے روزسی یو پی ای ہڑتال کے نوٹس کے بعد، ایئر کینیڈا نے کہا تھا کہ وہ لیبر ڈسرپشن کا انتظام کرنے کیلئے اپنی یومیہ تقریباً 700 پروازیں کم کر رہا ہے ۔ایئر لائن نے کہا کہ اگر ہڑتال جاری رہی تو روزانہ تقریباً 130000 افراد متاثر ہوں گے ۔معاوضے میں اضافے ، گراؤنڈ تنخواہ، بہتر پنشن اور مراعات اور عملے کی سہولتوں میں اضافہ سے متعلق معاملات پر آٹھ ماہ کی بات چیت کے باوجود، ایئر کینیڈا سی یو پی ای کے ساتھ ایک عارضی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہا ہے ۔ سی یو پی ای کے مطابق یونین کے 99.7 فیصد ملازمین نے ہڑتال کے حق میں رضامندی ظاہر کی تھی۔