ایئر کی مسابقتی کرکٹ میں واپسی، دہلی کو قیادت کا مسئلہ

   

نئی دہلی : باصلاحیت ہندوستانی بیٹسمین شریاس ایئر مکمل طور پر فٹ ہیں جیسا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈیمی (این سی اے) نے انہیں مسابقتی کرکٹ کیلئے فٹ قرار دیا ہے جس کے بعد وہ 19 ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے آئی پی ایل کے دوسرے مرحلہ میں ٹیم کیلئے دستیاب ہیں۔ ایئر دہلی ٹیم میں واپسی کررہے ہیں جس کے بعد اب ٹیم انتظامیہ کیلئے ٹیم کی قیادت ایک مسئلہ بن چکی ہے کیونکہ رواں ایڈیشن کے ابتدائی مرحلہ میں جس وقت ایئر زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوگئے تھے تو انتظامیہ نے رشپھ پنت کو کپتان بنایا تھا جنہوں نے ٹیم کی بہتر قیادت بھی کی ہے لیکن کورونا بحران کی وجہ سے آئی پی ایل مکمل نہیں ہوسکا اور اب اس کا دوسرا مرحلہ امارات میں کھیلا جائے گا۔ 26 سالہ ایئر جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی 22 ونڈے اور 29 ٹی 20 مقابلوں میں نمائندگی کی ہے وہ 23 مارچ کو پونا میں انگلینڈ کے خلاف ونڈے مقابلے کے دوران زخمی ہوئے تھے جس کے بعد برطانیہ میں ان کا آپریشن کیا گیا تھا۔ دہلی کیلئے قیادت کا مسئلہ درپیش ہورہا ہے لیکن ہندوستان کیلئے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ایئر کی واپسی خوش آئند ہے۔

ولیمس بہنیں سنسناتی سے دستبردار
سنسناتی : سرینا ولیمس اور وینس ولیمس کے ہمراہ صوفیا کینن نے سنسناتی اوپن سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ سرینا اور صوفیا نے زخمی ہونے کی وجہ سے اس ایونٹ سے دستبرداری اختیار کی ہے لیکن وینس ولیمس کن وجوہات کی بناء پر ایونٹ سے دستبردار ہوئی ہیں وہ ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔ سرینا 29 جون کو ومبلڈن میں زخمی ہونے کے بعد سے واپسی نہیں کی ہے ۔