ایئر کی نصف سنچری ،ہندوستان کی شاندار کامیابی

   

Ferty9 Clinic

آکلینڈ ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے دورہ نیوزی لینڈ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے 204 رنز کا کامیاب تعاقب کیا ہے جس میں کے ایل راہول نے جہاں برق رفتار نصف سنچری اسکور کرنے کے علاوہ کپتان ویراٹ کوہلی کے ہمراہ 99 رنز کی دوسری وکٹ کیلئے پارٹنر شپ نبھائی جبکہ سریاش ایئر نے 29 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 58 رنز اسکور کرتے ہوئے 19 ویں اوور میں ہی ہندوستان کو مطلوبہ نشانہ فراہم کردیا۔ ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر نیوزی لینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹوںکے نقصان پر 203 رنز بنائے۔ ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کو دوسرے ہی اوور میں روہت شرما کا نقصان برداشت کرنا پڑا جنہوں نے چھ گیندوں میں ایک چھکا لگانے کے بعد سینٹنر کی بولنگ پر آوٹ ہوئے۔ 16 رنز کے اسکور پر پہلی وکٹ کے نقصان کے بعد کوہلی اور راہول نے تیز رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 ویں اوور میں اسکور کو 115 رنز تک پہنچایا۔ اس موقع پر راہول 27 گیندوں میں چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔ درمیانی اوور میں راہول کے بعد 32 گیندوں میں 45 رنز بنانے والے کوہلی کی وکٹ حاصل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقابلہ میں واپسی کی کوشش کی لیکن ایئر کی نصف سنچری نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ قبل ازیں منڈرو کے 59 رنز اور ولیمسن کے 51 رنز اور راس ٹیلر کے 54 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 203 رنز بنائے ۔ ہندوستان کیلئے بمرا ، ٹھاکر ، چہل ، ڈوبے اور جڈیجہ نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی جبکہ محمد سمیع نے چار اوورس میں 53 رنز دیکر کافی مہنگی بولنگ کی۔ کامیابی کے ذریعہ ہندوستان نے پانچ مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔