ریاض : شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی نے عازمین حج کو’سن اسٹروک‘ اور’زہرخورانی ‘ سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔اخبار24 کے مطابق کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کی جانب سے عازمین حج کے لیے احتیاطی تدابیرکے حوالے سے کہا ہے کہ ایام حج میں حجاج کرام اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ امسال حج کے دوران موسم غیر معمولی طورپرگرم رہے گا۔دھوپ کی تمازت سے بچنے کیلیے لازمی ہے کہ حجاج کرام خیموں سے باہر جاتے وقت چھتری کا استعمال لازمی کریں۔ چھتری کا انتخاب کرتے وقت اس امر کا خیال رکھا جائے کہ چھتری ہلکے رنگ کی ہواور اسکا پھیلاو مناسب ہو۔کھلی دھوپ میں زیادہ دیر نہ ٹہریں۔ ضروری کاموں کیلیے جانا ہوتو چھتری اورپانی کی بوتل ضرور اپنے ساتھ رکھیں تاکہ وقت ضرورت استعمال کیاجاسکے۔زہرخورانی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر میں کہا گیا ہے کہ حجاج کرام غیر معیاری کھانے سے اجتناب برتیں خاص کرکھلے مقامات پررکھا ہوا کھانا استعمال نہ کریں۔