ایتھنز، 8 اکتوبر (یو این آئی) ایتھنز میں منگل کے روز پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جب غزہ جنگ کے آغاز کی دوسری سالگرہ کے موقع پر ہونے والے مظاہرے کے دوران جھڑپیں ہوئیں۔ سینکڑوں افراد نے مرکزی ایتھنز میں فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے اور ‘فلسطین کی آزادی’ کے نعرے لگاتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ یہ لوگ امریکی سفارت خانے کے سامنے سے گزرتے ہوئے اسرائیلی سفارت خانے کی طرف مارچ کر رہے تھے ۔ یہ ریلی بائیں بازو کے گروہوں اور یکجہتی نیٹ ورکس کی جانب سے منعقد کی گئی تھی، جس میں غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب کچھ مظاہرین نے سفارت خانے کے قریب پولیس پر آتش بازی اور پیٹرول بم پھینکے ۔ پولیس نے مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے کے لیے آنسو گیس اور اسٹن گرینیڈز کا استعمال کیا۔ مختصر لیکن شدید جھڑپوں کے بعد کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔