تیگرائی : ایتھوپیا کے شمالی خطے تیگرائی کی باغی فورسز نے اقوام متحدہ کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل قصبے لا لیبیلا کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ لالیبیلا بارہویں صدی کے چٹانوں کے تاریخی گرجا گھروں کے لیے جانا جاتا ہے۔ مقامی باشندوں نے بتایا ہے کہ بہت سے لوگ علاقہ چھوڑ کر فرار ہوچکے ہیں۔ امریکی حکومت نے تیگرائی پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) سے عالمی ثقافتی ورثہ کی حفاظت کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ ہفتوں کے دوران باغی فورسز نے تیگرائی کے پڑوسی علاقے امہارا اور عفار میں اپنی پیش قدمی بڑھا دی ہے۔