ایرانڈیا کو بیچنے کا عمل شروع، ٹنڈر کی طلبی

   

اندور: مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی جیوترادتیہ سندھیا نے آج کہا کہ ایئر انڈیا کی ڈس انویسٹمنٹ سے متعلق 15 ستمبر تک مالی ٹنڈر طلب کئے گئے ہیں اور اس کے بعد اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔جن آشیرواد یاترا کے سلسلے میں یہاں آئے سندھیا نے پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں یہ تبصرہ کیا۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا موجودہ مالی سال میں ایئر انڈیا کی ڈس انویسٹمنٹ کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ سندھیا نے کہا کہ 15 ستمبر تک مالی ٹنڈر طلب کئے گئے ہیں ۔ اس کے بعد مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔سندھیا نے مستقبل میں ہوا بازی کے شعبے میں بے پناہ صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کا ہدف ہیکہ ملک میں ہوائی چپل پہننے والے شخص بھی ہوائی سفر کرسکے ، اس لیے اڑان اسکیم شروع کی گئی ہے۔ سندھیا کے مطابق ہدف متعین کیا گیا ہیکہ ملک میں سال 2025 تک 1000 نئے ہوائی روٹ، 100 نئے ہوائی اڈے تیار کئے جائیں گے ۔ اس کے تحت اب تک 363 نئے ہوائی روٹ اور 59 ہوائی اڈے بنائے گئے ہیں۔ اس کا بنیادی مقصد چھوٹے شہروں میں بھی ہوائی سروس مہیا کرانا ہے ، تاکہ عام لوگ بھی طیاروں میں سفر کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل بھی اسی شعبے میں ہے ۔