ایران:کرونا سے متاثر1.80کروڑسے زیادہ

,

   

تہران : ایران میں انسداد کرونا وائرس قومی کمیٹی کے رکن مسعود مردانی نے کہا ہے کہ لیبارٹریوں سے ملنے والی مصدقہ معلومات کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 1 کروڑ 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کے متاثرین کی مذکورہ تعداد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی 20 فی صد آبادی کرونا کا شکار ہو چکی ہے۔ایران کی طلبا نیوز ایجنسی ’’ایسنا‘‘ کے مطابق مسعود مردانی نے کہا کہ مذکورہ اعداد وشمار ملک میں کرونا کے ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافے کے بعد سامنے آئے ہیں۔ادھر ایرانی وزارت صحت کے مطابق ایران میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار 408 ہو گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 148 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔ایرانی وزارت صحت کی ترجمان سیما لاری نے کہاکہ ایران میں کرونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 878 ہوگئی ہے۔