ایرانی افواج کے شام کے تخلیہ تک تعمیر نو کی امداد مسدود :پومپیو

   

واشنگٹن، 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہے کہ ایران کی فوج کے شام چھوڑنے تک وہ صدر بشار الاسد کے کنٹرول والے علاقوں کو تعمیر نو میں مدد فراہم نہیں کرے گا۔امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جمعرات کے روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں واقع امریکی یونیورسٹی میں اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ‘‘ایران اور اس کی اتحادی افواج کے شام چھوڑنے اور مستحکم سیاسی حل دکھائی دینے تک امریکہ شام میں صدر بشار الاسد کے کنٹرول والے علاقوں میں تعمیر نو میں مدد فراہم نہیں کرے گا۔مسٹر پومپیو نے کہا کہ شام سے ایران کی فوج کے مکمل طورپر انخلا تک امریکہ شام میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران جب تک اپنے موجودہ راستے پر چلتا رہے گا اس وقت تک مغربی ایشیا کے ممالک کو کبھی بھی امن و سلامتی نصیب نہیں ہوگی۔امریکی وزیر خارجہ نے عراق، یمن اور لبنان سمیت پورے مغربی ایشیا میں ایران کا اثر کم کرنے کے لئے دیرینہ حریف اور مخالفین سے بھی اتحادی افواج کے ساتھ وابستہ ہونے کی اپیل کی۔