ایرانی خاتون فٹبال ٹیم کا قومی ترانے گانے سے انکار

   

گولڈ کوسٹ، 3 مارچ (آئی اے این ایس) ایرانی خواتین کی قومی فٹبال ٹیم نے خواتین ایشیائی کپ کے افتتاحی میچ میں خاموش احتجاج کرتے ہوئے قومی ترانہ گانے سے انکارکردیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گولڈ کوسٹ کے سی بس سوپر اسٹیڈیم میں میچ سے قبل ایران کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ جنوبی کوریا کے خلاف میچ سے پہلے روایتی قطار میں کھڑی ایرانی کھلاڑیوں اور حتیٰ کہ ہیڈ کوچ مرزیہ جعفری نے بھی ترانے کے دوران لب ہلانے سے گریزکیا اور خاموشی سے سامنے کی جانب دیکھتی رہیں۔ یہ خاموش احتجاج اس پس منظر میں سامنے آیا جب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اسرائیلی اور امریکی حملوں میں ہلاک ہوگئے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ایرانی کپتان زہرا غنبری اور کوچ مرزیہ جعفری سے خامنہ ای کی ہلاکت کے بارے میں سوال کیا گیا، تاہم اس سوال کو فوری طور پر روک دیا گیا۔ کوچ جعفری نے فارسی میں جواب دینا شروع کیا لیکن ایشیائی فٹبال کنفیڈریشن کے میڈیا نمائندے نے بغیر ترجمہ کے گفتگو منقطع کردی اور کہا کہ سوال یہیں ختم کیا جائے اور توجہ میچ پر رکھی جائے۔ میچ میں جنوبی کوریا نے برتری حاصل کی۔ پہلے ہاف میں چوئے یو ری کے گول کے بعد دوسرے ہاف میں کم ہئے ری اور کو یو جن کے گولوں نے جنوبی کوریا کی فتح یقینی بنا دی۔ شکست کے باوجود کوچ جعفری نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم تھا کہ جنوبی کوریا ایشیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور مقابلہ سخت ہوگا۔ انہوں نے جنوبی کوریا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم آئندہ میچوں میں مزید مضبوط انداز میں واپسی کی کوشش کرے گی۔ جعفری نے مزید کہا کہ دوسرے ہاف کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی تھی اور ٹیم نے دفاعی انداز سے جارحانہ اندازکی طرف منتقل ہوکر دباؤ بڑھایا۔