ایرانی سٹیلائیٹ خفیہ معلومات کی فراہمی میں ناکام : امریکہ

   

واشنگٹن ، 26 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے کہا ہے کہ ایران کا نیا ملٹری سٹیلائیٹ خفیہ معلومات مہیا کرا نے میں ناکام ہے ۔ اسپیس کمان اور اسپیس ایکپیڈیشنری فورس کے سربراہ جنرل جان ریمنڈ نے ٹویٹ کر کے کہاکہ امریکی خلائی کمان ایران کی طرف سے لانچ سٹیلائیٹ سے متعلق دو چیزوں پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ایران حکومت نے کہا ہے کہ اس میں تصاویر لینے کی صلاحیت ہے ، اصل میں یہ خلا میں گھومتا ہوا ایک ویب کیمرہ ہے ۔ اس سے خفیہ معلومات فراہم کرنے کا امکان نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ ایران کی فوج نے بدھ کو کہا کہ اس نے پہلے ملٹری سٹیلائیٹ نور کا قاصد خلائی جہاز کے ذریعے کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ اس پر مغربی ممالک نے ایران کے نیوکلیائی معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی خلاف ورزی کا خدشہ ظاہر کیا تھا ۔ وہیں ایران نے کہا ہے کہ ایک بھی بین الاقوامی قرار داد نے ایک بھی ملٹری سٹیلائیٹ کو خلا میں بھیجنے پر پابندی نہیں لگائی ہے ۔