ایرانی صدارتی انتخاب 2021 حیدرآباد کے بشمول 7 ہندوستانی شہروں میں پولنگ

   

حیدرآباد۔ ایران کے 13 ویں صدارتی انتخابات کا آج 18 جون کو انعقاد عمل میں آیا ۔ ایران کے ساتھ ہی ہندوستان میں سات پولنگ اسٹیشن یہاں مقیم ایرانی شہریوں اور طلبا کیلئے قائم کئے گئے تھے ۔ یہ پولنگ اسٹیشن نئی دہلی ‘ ممبئی ‘ پونے ‘ حیدرآباد ‘ بنگلورو اور راجمنڈری میں قائم کئے گئے تھے ۔ حیدرآباد میں پولنگ اسٹیشن قونصل خانہ اسلامی جمہوریہ ایران بنجارہ ہلز میں قائم کیا گیا تھا ۔ شہر میں مقیم ایرانیوں نے بیالٹ باکسوں میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ رائے دہی صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہی ۔ کورونا تحدیدات کے باوجود ایرانی شہریوں نے پرجوش انداز میں رائے دہی میں حصہ لیا ۔ قونصل خانہ اسلامی جمہوریہ ایران کی درخواست پر ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کیا گیا ۔ قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد ہز اکسیلنسی مہدی شاہ رخی اور قونصل خانہ کے مکمل عملہ نے وزارت خارجہ کے عہدیداروں ‘ تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش اور کرناٹک کی ریاستی حکومتوں اور محکمہ جات پولیس سے اور خاص طور پر بنجارہ ہلز پولیس سے سکیوریٹی انتظامات پر اور حیدرآباد ‘ بنگلورو اور راجمنڈری میں مقیم ایرانی برادری سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے صدارتی انتخاب 2021 میں حصہ لیا ۔