تہران : ایران نے جنوب مشرقی صوبے میں 9 پاکستانی شہریوں کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک ’دشمنوں‘ کو اپنے برادرانہ تعلقات کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔ پاکستان میڈیاکے مطابق اتوار کوایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اْن کے ملک میں قابل مذمت واقعہ پیش آیا اور وہ پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ایران میں پاکستان کے سفیر اور انسانی حقوق کے ایک گروپ نے بتایا تھا کہ ایران کے شورش زدہ علاقے سراوان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نو پاکستانی شہریوں کو قتل کر دیا تھا۔بلوچ حقوق کے گروپ نے کہا تھا کہ متاثرین پاکستانی شہری تھے جو گاڑیاں مرمت کرنے والی ورکشاپ پر کام کرتے تھے اور وہیں اْن کی رہائش بھی تھی۔پاکستان نے گزشتہ روز اس ’ہولناک‘ واقعہ کی مذمت کی اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ایرانی وزارت خارجہ کے بیان میںاس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس وقت ہمارے ملک کے متعلقہ حکام اس واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔‘
